وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو خطوط ارسال

58
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ژی سے ہوانگ شن میں ملاقات

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اہم قومی امور اور نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے پارلیمانی جماعتوں کی مشاورتی کانفرنس طلب کرلی ہے، مشاورتی کانفرنس 28 مارچ کو شام چار بجے پارلیمنٹ ہاو¿س میں منعقد ہوگی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو خطوط ارسال کردئیے گئے ہیں۔ اپنے مکتوب میں وزیرخارجہ نے کہاہے کہ دسمبر 2014ءمیں آرمی پبلک سکول پشاور کے المناک واقعے کے بعد نیشنل ایکشن پلان مرتب ہوا تھا ، نیشنل ایکشن پلان تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے نتیجے میں قومی اتفاق رائے کا مظہر تھا۔ وزیرخارجہ نے لکھا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلو ہیں، خارجہ پالیسی کی جہات کے حامل مختلف پہلو نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دینے کے عوامی وعدہ کی پاسداری بھی نیشنل ایکشن پلان میں شامل ہے ، اسی طرح اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق ذمہ داریوں اورانسداد دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق عالمی تقاضوں پر عمل درآمد بھی قومی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے ۔ انہوں نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جہد مسلسل کے اعادے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دے رہے ہیں، یہ مشاورت پاکستان کی قومی حکمت عملی پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے ہمارے عزم کے تسلسل اور اس کی اہمیت کو دنیا میں اجاگر کرے گی۔ وزیرخارجہ نے مزید لکھاہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد واضح طور پر پاکستان کے عوام کے طویل المدتی مفاد میں ہے۔