وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مشہد میں آستان_قدس رضوی کے متولّی، حجتہ الاسلام احمد مروی سے ملاقات

93

مشہد۔22اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو مشہد میں آستان قدس رضوی کے متولّی، حجتہ الاسلام و المسلمین احمد مروی سے ملاقات کی۔ایران میں تعینات پاکستانی سفیر "رحیم حیات قریشی” اور مشہد میں پاکستانی قونصل جنرل بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ اس ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران تحفظ حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم ،اتحاد بین المسلمین سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

متولی ء آستان قدس رضوی، حجتہ الاسلام احمد مروی نے وزیر خارجہ کو مشہد مقدس میں خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، ایک نظریاتی ملک ہے- حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا تحفظ ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہے، اس کڑے وقت میں مسلم امہ کی نظریں علماء کی طرف دیکھ رہی ہیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مسلم امہ کے علماء کو، بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رحجان کی حوصلہ شکنی اور حرمت رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔مجھے خوشی ہے کہ ایرانی قیادت نے ناموس رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے تحفظ کیلئے، عالمی سطح پر، ہمارے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے-

وزیرخارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف کی مسلسل حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں پاکستانی زائرین کو فراہم کی جانیوالی خصوصی سہولیات پر، ایرانی حکومت اور قیادت کا شکرگزار ہوں۔ وزیر خارجہ نے حجتہ الاسلام احمد مروی کو حکومت پاکستان کی وضع کردہ” زائرین پالیسی "کے خدو خال سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان سے ہر سال ھزاروں کی تعداد میں زائرین،آئمہ کرام کی مقدس زیارات کے لیے آتے ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حکومت نے پہلی مرتبہ زائرین کو درپیش تکالیف کے ازالے کیلئے ایک مربوط اور جامع پالیسی مرتب کی ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زائرین کی سفری سہولیات سے لیکر، ان کی رہائش اور صحت انشورنس کو بھی "زائرین پالیسی” کا حصہ بنایا گیا ہے۔متولّی ء آسان _قدس رضوی حجتہ السلام احمد مروی نے زائرین کی سہولت کیلئے جامع پالیسی کے اجراء پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، زائرین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پاکستان کے عملی اقدام کو سراہا۔