اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوار کو عراق کے شہر نجف اشرف میں امیر المؤمنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے روضہ اقدس پر حاضری دی۔
وزیر خارجہ نے روضہء حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی زیارت کاشرف حاصل کیا اور حرم حضرت علی کرم اللہ وجہہ میں نوافل ادا کیے۔
وزیر خارجہ نے ملکی سلامتی و خوشحالی، اتحاد بین المسلمین اور کورونا وبا سے نجات کے لیے دعائیں کیں۔وزیر خارجہ مسجد کوفہ گئے اور تاریخی و مقدس مقامات کی زیارات کیں۔
وزیر خارجہ نے حضرت مسلم بن عقیل رحمۃاللہ علیہ اور حضرت ہانی بن عروہ رحمۃاللہ علیہ کے مزارات پر بھی حاضری دی اور عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔نجف اور کوفہ میں زیارات مقدسہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وزیر خارجہ کربلا روانہ ہو گئے۔