اسلام آباد ۔ 09 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر بھارت پاکستان کے خلاف کوئی جارحانہ اقدام کرنے کی کوشش کرے گا تو بین الاقوامی برادری اس کی حمایت نہیں کرے گی اور بھارت اپنا انٹرنیشنل بیانیہ بھی گنوا بیٹھے گا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے علاقائی صورتحال کو مذید بگاڑنے کی کوشش کی تو یہ کشیدگی اسے سفارتی سطح پر بالکل الگ تھلگ کر دے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے حوالے سے بھارتی ڈوزئیر کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، 2014ءمیں پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر قومی اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن گزشتہ حکومت کے دور میں اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا،کالعدم تنظیموں کے خلاف موثر کارروائیاں کرنے کا کریڈٹ بھی وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔ وزیر خارجہ نے درپیش بیرونی چیلنجز پر قوم کو باہمی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہم سفارتی چینلز کے ذریعے خطے کے امن کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھائے جانے والے پاکستان کے موثر اور ٹھوس اقدامات سے متعلق دنیا کو آگاہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری اور اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف سے مشاورت کی جائے گی اور ان کی رائے بھی لی جائے گی۔