اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں گلوبل گورننس سمٹ منعقد ہو رہی ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان بطور کلیدی سپیکر اظہار خیال کریں گے، متحدہ عرب امارات کے کراؤن پرنس اور وہاں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ملاقات بھی ہو گی اور مذاکرات بھی ہوں گے ،وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ وہ ایسا ماڈل متعارف کروا سکیں اور ایسی ادارہ جاتی اصلاحات کو سامنے لائیں تاکہ اداروں کی پرفارمنس میں بہتری لائی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورہ پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ دورہ ہے جس کی وزیراعظم کو دعوت دی گئی ،متحدہ عرب امارات میں گلوبل گورنس سمٹ منعقد ہو رہی ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان بطور کلیدی سپیکر اظہار خیال کریں گے،گورنس ایک ایسا ایشو ہے جس کی ہمارے خطے کو اور بالخصوص پاکستان کو بے حد ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے بہت سے مسائل نے بری گورننس کی وجہ سے جنم لیاچنانچہ وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ وہ ایسا ماڈل متعارف کروا سکیں اور ایسی ادارہ جاتی اصلاحات کو سامنے لائیں تاکہ اداروں کی پرفارمنس میں بہتری لائی جا سکے۔دورہ متحدہ عرب امارات کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ ہماری آئی ایم ایف کے سربراہ کے ساتھ میٹنگ ہو گی، پاکستان چاہتا ہے کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایسی شرائط کے ساتھ آگے بڑھے جن سے عوام پر کوئی ایسا ناروا بوجھ نہ پڑے۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے کراؤن پرنس اور وہاں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ملاقات ہو گی اور مذاکرات بھی ہوں گے۔