نیویارک ۔20مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس اجلاس کے موقع پر، اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر نیویارک میں کویت کے اپنے ہم منصب ڈاکٹر احمد نصر ال محمد الصباح سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں کشیدگی میں کمی کیلئے برادر ملک کویت کی موثر کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر بہیمانہ مظالم کے تسلسل اور طاقت کے بے دریغ استعمال پر پوری مسلم امہ، حالت اضطراب میں ہے۔پاکستان، عبادت میں مشغول فلسطینیوں پر منظم حملوں، مسجد اقصٰی کی بے حرمتی،اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاریوں، مظلوم فلسطینیوں کی جبراً بے دخلیوں اور ان کے گھروں کے جبری انہدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کی اخلاقی اور سفارتی معاونت اور ان کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ آج اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس کا انعقاد، او آئی سی کی جانب سے عالمی برادری کیلئے ایک واضح پیغام ہے۔عالمی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے فوری موثر اقدام اٹھائے۔دونوں وزرائے خارجہ نےفلسطین کی صورتحال کو اعتدال پر لانے اور فلسطینی بھائیوں کی معاونت کیلئے باہمی اور سفارتی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔