اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے‘ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور سی پیک کے خلاف مذموم عزائم رکھنے والوں کے ارادوں کو خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘ کراچی کے واقعہ پر چینی وزیر خارجہ کے ساتھ بات چیت کروں گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں کراچی میں چینی قونصل خانے کے واقعہ پر ایوان کو اعتماد میں لیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج صبح کراچی میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا جہاں تین دہشت گردوں نے چین کے قونصل خانے میں حملے کرنے کی کوشش کی۔ میں سندھ پولیس کے ان دو نوجوانوں شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جو اپنی جانوں کے نذرانے دیتے ہوئے دہشت گردوں کی راہ میں دیوار بن گئے اور ان کے جرات مندانہ اقدام کی وجہ سے ایک خود کش حملہ آور کو اپنی خودکش جیکٹ استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ دو دہشتگروں نے قونصل سیکشن میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن یہ اطمینان ہونا چاہیے کہ رینجرز بروقت وہاں پہنچے۔ اس نے سارے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دونوں دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور نشانہ بازوں نے دونوں کو منطقی انجام تک پہنچایا۔