اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آل پارٹیز حریت کانفرس کے ممتاز رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئر مین اشرف صحرائی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین اشرف صحرائی کی بھارتی حراست میں انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا ہے۔بدھ کو اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس دکھ بھری اس گھڑی میں میری دعائیں اور ہمدردیاں مرحوم اشرف صحرائی کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اشرف صحرائی کے انتقال پر آل پارٹیز حریت کانفرنس، تحریک حریت جموں و کشمیر اور کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اشرف صحرائی نے حق خودارادیت کی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دیں اور مثالی عزم و ہمت کے ساتھ بھارتی جبر و استبداد کا مقابلہ کیا۔اشرف صحرائی نے گذشتہ برس، جواں مردی کے ساتھ اپنے بیٹے کی ماورائے عدالت شہادت کا صدمہ برداشت کیا،اس سانحے سے گزرنے کے باوجود ان کے پایہ استقلال میں کوئی لغزش نہ آئی اور انہوں نے اسی ولولے کے ساتھ، بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مظلوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انہیں حق خود ارادیت مل نہیں جاتا۔