اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پیر کو وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ،ترقیاتی منصوبوں اوردیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیر خارجہ کوجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے متعلق آگا ہ کیا اور کہا کہ جنوبی پنجاب پاکستان تحریک انصا ف کے دور حکومت میں ریکارڈ ترقی کرے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ سکولوں کی اپ گریڈیشن میں جنوبی پنجاب کو38فیصد حصہ دیاگیا ہے۔
عثمان بزدارجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ختم کرنے کا پروپیگنڈا شکست خوردہ عناصر پھیلا رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں عوام نے فیصلہ کن برتری سے نوازا۔وزیر اعلی نے کہا کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب سمیت تمام پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کاازالہ کرے گی۔جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعزاز بھی پاکستان تحریک انصاف کو ہی حاصل ہوگا۔
جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو بااختیار کررہے ہیں تاکہ عوام کو لاہور نہ آنا پڑے۔عثمان بزدار نے کہا کہ باقاعدگی سے ہر ماہ ملتان جاکرترقیاتی منصوبوں اوردیگر امور کا جائزہ لوں گا۔کابینہ اجلاس بھی ملتان میں ہوگا،صوبائی وزراء بھی ایک،ایک روزجنوبی پنجاب میں بیٹھیں گے۔جنوبی پنجاب کی 70سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ مخصوص کرنے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے معاملہ پر وزیراعلیٰ پنجاب کا فوری ایکشن قابل تحسین ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بروقت ایکشن کر کے پراپیگنڈے اورافواہوں کا خاتمہ کردیا ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے لوگوں کے محرومیوں کے ازالے کا دور شروع ہوچکا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی کو جنوبی پنجاب کے بارے میں افواہیں پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔