اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی اقتصادی نمو اور برآمدات میں ٹیکسٹائل کے شعبہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اس شعبہ کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر گوہر اعجاز کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات میں کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق پاشا، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، سیکریٹری پاور، ایڈیشنل سیکریٹری کامرس اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کی معاشی اور مالی صورتحال پر روشنی ڈالی اور ان چیلنجز پر قابو پانے اور معیشت کو ترقی کی طرف گامزن کرنے کے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے وزیر خزانہ کو درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان کے ریونیو، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں ٹیکسٹائل شعبہ کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے وزیر خزانہ کو گیس اور بجلی کی فراہمی ، ان کی قیمتوں اور درآمدات و برآمدات کے حوالے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
اپٹما کے ممبران نے درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی جن میں سیلز ٹیکس ریفنڈز کی وجہ سے کیش کی کمی، ایل سی کھولنے کے مسائل کی وجہ سے خام مال کی پھنسی درآمدات اور علاقائی سطح پر توانائی کے مسابقتی ٹیرف شامل ہیں۔ وزیر خزانہ نے ملک کی معاشی نمو میں اپٹما کے تعاون کا اعتراف کیا اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیلئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو حکومت کی زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو اپٹما کےمسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ وفد نے معاونت فراہم کرنے اور مسائل حل کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔