وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے یو این ڈی پی کے ریذیڈنٹ نمائندے کی ٹیم کے ساتھ ملاقات ،اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کی حکومت کے عزم کا اعادہ

93

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں پاکستان میں اقوام متحدہ کے ادارہ ترقی یو این ڈی پی کے ریذیڈنٹ نمائندے نٹ اوستبائے ، اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات میں کہی۔اس موقع پر معاون خصوصی طارق باجوہ، طارق محمود پاشا، یواین ڈی پی کے سینئیر مشیر ہارون شریف، عمارہ درانی، اسسٹنٹ ریذیڈنٹ نمائندہ سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

یو این ڈی پی کی ٹیم نے وزیر خزانہ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ماحولیاتی لحاظ سے موزوں بحالی اور بحالی کے ایکشن پلان کے حوالے سے یو این ڈی پی کی جانب سے جاری ادارہ جاتی انتظامات سے آگاہ کیا۔ ٹیم نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ترقی کے لیے مالی وسائل اور ایس ڈی جیز میں سرمایہ کاری کو متحرک کرنے اور ترقی کے لیے موسمیاتی فنانسنگ کے لیے تکنیکی مہارت کے لیے حکومت کو مزید تعاون فراہم کیا جارہاہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یو این ڈی پی کی ٹیم کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں سیلاب سے بچائو کے اقدامات میں بہترین شراکت دار ہونے پر یو این ڈی پی کی تعریف کی ۔انہوں نے جنیوا کانفرنس میں پاکستان کیلئے امداد کے وعدوں کوعملی جامہ پہنانے کے لیے مالی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔ وزیر خزانہ نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں ترقیاتی شراکت دار کے طور پر یو این ڈی پی کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے ایس ڈی جیز کے حصول کیلئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔