
اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) حکومت نے وعدے کے مطابق برآمد کنندگان کو 23 ارب روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈز ادا کر دیئے۔ سیلز ٹیکس ریفنڈز کی براہ راست اکاﺅنٹس میں منتقلی کی تقریب فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ہوئی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ریفنڈز کی اکاﺅنٹس میں براہ راست منتقلی کے عمل کا اجراءکیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بجٹ میں کاروباری برادری کے ساتھ کیا گیا ایک اور وعدہ آج پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 10 لاکھ روپے تک کے ریفنڈز 15 جولائی 2017ءتک جبکہ اس سے زائد کے ریفنڈز 14 اگست 2017ءتک ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 10 لاکھ روپے تک کے ریفنڈز رواں سال جولائی میں ادا کر دیئے تھے جبکہ اس سے زائد کے ریفنڈز 14 اگست کی مقررہ تاریخ سے قبل آج ادا کئے جا رہے ہیں۔