اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملازمتوں کی کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت مقامی زراعت اور صنعت کے شعبہ کے فروغ کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وہ پیر کو یہاں وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی جانب سے منعقدہ انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی کے 75 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری وزارت ٹیکسٹائل حسن اقبال اور ڈی جی کمیٹی نے بھی خطاب کیا۔ وزیر خزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں کاٹن پیدا کرنے والا چوتھا بڑا جبکہ کاٹن کے مصرف کا تیسرا اور یارن کی برآمد کا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔ اس شعبہ پر توجہ دے کر مزید بیرونی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے جس سے ملکی معیشت خوشحال ہو سکتی ہے۔