وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ نمائندہ ڈاکٹر سیموئل رزک سے گفتگو

126
 وزیر خزانہ اسحاق ڈار
 وزیر خزانہ اسحاق ڈار

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار اقتصادی نمو کیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ نمائندہ ڈاکٹر سیموئل رزک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر معاون خصوصی ریونیو طارق محمود پاشا، یو این ڈی پی کی نائب کنٹری نمائندہ عمارہ درانی، سپیشل سیکرٹری فنانس اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے ڈاکٹر سیموئل رزک کا خیرمقدم کیا اورانہیں معاشی استحکام وپائیدار نمو کے حصول کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے پائیدار اور جامع ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عمل پیرا ہے اور ڈھانچہ جاتی مسائل سے نمٹنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ یو این ڈی پی کے ریذیڈنٹ نمائندے نے کلائمیٹ ریسیلینٹ پاکستان کے حوالے سے یو این ڈی پی کے جاری ادارہ جاتی انتظامات اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یواین ڈی پی کی ٹیم ایس ڈی جیز سرمایہ کاری اور موسمیاتی فنانسنگ کو متحرک کرنے کے لیے حکومت کو تعاون فراہم کررہی ہے۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی تیز رفتار و پائیدار ترقی اور ایس ڈی جیز اہداف کے حصول میں ترقیاتی پارٹنر کے طور پریو این ڈی پی کے کلیدی کردار کو سراہا اور ان اہداف کے حصول کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے لیے عالمی تعاون کو متحرک کرنے پر یو این ڈی پی کو بھی سراہا۔