اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی ایکنک کا وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ ایکنک کے اجلاس میں ملک میں بنیادی تعلیمی کمیونٹی سکولز پر بریفنگ دی گئی۔ ایکنک نے ملک کے بنیادی تعلیمی کمیونٹی سکول منصوبہ کی نظرثانی شدہ لاگت 4058.157 ملین روپے کی منظوری دیدی۔ کمیٹی نے منصوبہ پر گزشتہ سال دسمبر 2018ء تک ہونے والے اخراجات بھی کلیئر کرنے کی منظوری دیدی، یہ اخراجات نادرا اور ضلعی حکومت کی تصدیق سے جاری ہوں گے۔ بنیادی کمیونٹی سکول منصوبہ غیر رسمی بنیادی تعلیم کا منصوبہ ہے، اس منصوبہ کے تحت کمیونٹی جگہ کا تعین کرتی ہے۔ تعلیم کے اخراجات، بچوں کو تدریسی کتب، اساتذہ کی تنخواہیں حکومت ادا کرتی ہے۔