وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت نجکاری کی کابینہ کمیٹی کا اجلاس

71
APP60-26 ISLAMABAD: December 26 - Finance Minister Asad Umar chairing meeting of CCOP. APP

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) نجکاری کی کابینہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں بدھ کو ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری نجکاری نے نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کی زیر نگرانی آر ایل این جی پاور پلانٹس (بلوکی اور حویلی بہادر شاہ) لاکھڑا کول مائنز اور سروسز انٹرنیشنل ہوٹل سمیت نجکاری کی فہرست میں شامل سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران میری پٹرولیم کمپنی میں حکومت کے بقایا شیئرز کی نجکاری سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ نجکاری کمیٹی نے دونوں آر ایل این جی پلانٹس کی احسن انداز میں نجکاری کی سہولت کے لئے نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کمیٹی نے میری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ میں حکومت کے باقی 18.39 فیصد شیئرز کی نجکاری پر پیشرفت کی بھی منظوری دی۔ لاڑکانہ کول مائنز کے معاملے پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ نجکاری کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور اس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عمل کیا جائے۔ کمیٹی کو سیکرٹری نجکاری کی طرف سے کے الیکٹرک کے حصص کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔