اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز کے متوفی ملازمین کے اہل خانہ کو بقایات کی ادائیگی کے لئے 1066.078 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔ ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت جمعرات کو منعقد ہوا۔ ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے پاکستان سٹیل ملز کے متوفی ملازمین کے اہل خانہ کو بقایات (پراویڈنٹ فنڈ، گریجوایٹی اور پے رول واجبات) کی ادائیگی کے لئے 1066.078 ملین روپے کی گرانٹ کی تجویز پر غور کرتے ہوئے اس کی منظوری دیدی۔ ای سی سی نے وزارت تجارت کی طرف سے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے طورخم بارڈر کے ذریعے کپاس درآمد کرنے کے حوالے سے تجویز پر غور و خوض کیا۔ ای سی سی نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زمینی راستے سے درآمد کی جانے والی کپاس کو الگ رکھنے کے لئے قرنطینہ کی مستقل سہولت کے لئے متعلقہ صنعت کے ساتھ رابطہ رکھے ۔ سیکرٹری وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ نے اجلاس میں چینی کی ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی۔ ای سی سی نے گنے کے کاشتکاروں کے بقایا جات کے التوائ، شوگر ملوں کی مشکلات، اضافی سٹاک اور ممکنہ برآمدات سمیت مختلف ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔