وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

49
APP21-08 ISLAMABAD: January 08 - Finance Minister Asad Umar chairing meeting of ECC of the Cabinet. APP

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی سہولت اور برآمدات کے فروغ کے سلسلہ میں کاٹن کی درآمد پر ٹیکسوں کی مد میں رعایت دینے کے معاملہ پر فیصلہ کیلئے مکمل اعداد و شمار طلب کر لئے، ای سی سی نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے مربوط انداز میں لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ای سی سی کا اجلاس منگل کو وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل ڈویژن کی جانب سے کاٹن کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی، ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس واپس لینے سے متعلق تجویز کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اس تجویز کا مقصد ملک میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی سہولت کیلئے کاٹن کی طلب و رسد کے فرق کو دور کرنا ہے جس سے اس صنعت کو فائدہ ہو گا اور اس شعبہ کی برآمدات کو فروغ مل سکے گا۔ ای سی سی نے قرار دیا کہ پروپوزل میں تجارت اور ریونیو سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی گئی کہ اس کمی کو پورا کیا جائے تاکہ اس معاملہ پر بہتر فیصلہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے قابل عمل تجاویز کے سلسلہ میں تشکیل دیئے گئے ماہرین کے ایک گروپ کی جانب سے لائحہ عمل کی تیاری پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ ای سی سی نے ہدایت کی کہ اس معاملہ پر پاکستان سٹیل ملز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز/انتظامیہ کی مشاورت سے مربوط انداز میں لائحہ عمل تیار کیا جائے اور مقررہ مدت کے اندر حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔