
اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے ملک کی پہلی خاتون سیکرٹری خارجہ کے طور پر تقرری پر تہمینہ جنجوعہ پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دوطرفہ اور کثیر الجہتی سفارتکاری میں اپنے وسیع تجربہ کو بین الاقوامی سطح پر ملکی مفادات کیلئے بروئے کار لائیں گی۔ وزیر خزانہ اور سیکرٹری خارجہ نے موجودہ حکومت کی جانب سے ملکی معیشت اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری کیلئے اقدامات کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے اور اب اعلیٰ نمو کے اصول کے راستے پر گامزن ہے۔