وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا ایوان بالا میں انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد اظہار خیال

101

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کو انتخابی قوانین کی بہتری کے لئے 1800 سے زائد تجاویز موصول ہوئیں، پانچ سیاسی جماعتوں نے اپنے اختلافی نوٹس دیئے ہیں، الیکشن بل 2017ءقومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے، ستمبر تک اگر نیا قانون نہ بنا تو آئندہ الیکشن پرانے قانون کے تحت ہوں گے۔ جمعرات کو ایوان بالا میں انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 19 جون 2014ءکو قومی اسمبلی اور 30 جون 2014ءکو انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے لئے قراردادیں منظور کی گئیں، 24 جولائی 2014ءکو کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے سول سوسائٹی، وکلائ، پاکستان بار کونسل، صوبائی بار کونسل، عام لوگوں، سپریم کورٹ بار، ارکان پارلیمنٹ اور میڈیا سے تجاویز حاصل کیں، 1200 تجاویز موصول ہوئیں۔ ایک عبوری رپورٹ پہلے پیش کی گئی، ایک آئینی ترمیم کے نتیجے میں الیکشن کمیشن کے نئے ارکان تعینات کئے گئے۔ دوسری رپورٹ دونوں ایوانوں میں پیش کی گئی۔ کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی تھی۔