وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا پرائم منسٹر انٹرسٹ فری لون سکیم کی تقریب سے خطاب

151
APP96-22 SARGODHA: December 22 – Finance Minister Senator Mohammad Ishaq Dar addressing the event for 250,000 beneficiary of PM’S Interest Free Loan Scheme as a Chief Guest at the PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی مربوط پالیسیوں کے نتیجے میں دیہی اور شہری علاقوں میں غربت اور بے روزگاری میں کمی آئی ہے، مائیکرو فنانس سیکٹر 42 لاکھ افراد کو روزگار اور کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کر رہا ہے، موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اب تک بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بجٹ میں تین گنا اضافہ کیا ہے جوکہ اب چالیس ارب سالانہ سے 117 ارب تک پہنچ چکا ہے، مستفید ہونے والے گھرانوں کی تعداد 30 لاکھ سے 56 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ وہ جمعرات کو پرائم منسٹر انٹرسٹ فری لون سکیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر چیئرپرسن پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام لیلیٰ خان، چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی پی ایم آئی ایف ایل سکیم ڈاکٹر امجد ثاقب، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی اے ایف قاضی عظمت عیسیٰ اور پی ایم آئی ایف ایل سکیم کے شراکتی ادارے کے نمائندے بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی بلا سود قرضہ سکیم کے ذریعے دو لاکھ پچاس ہزار افراد کو قرضہ جات کے اجراءکاسنگ میل عبور ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی آبادی کی معاشی ضروریات ایک جیسی نہیں ہیں۔ دنیا کے اکثر ممالک کے برعکس ہمارے ملک کی معیشت انتہائی مختلف نوعیت کی ہے اور آبادی کے ہر حصے کی اپنی منفرد معاشی ضروریات ہیں۔