اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برآمد کنندگان کو جدید عالمی رجحانات اپنانے چاہئیں، ایکسپورٹ گروتھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ ایکسپورٹرز کی استعداد بڑھانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے جس میں جدید مشینری کی درآمد اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات شامل ہیں۔ وہ جمعہ کو یہاں صنعتی ایکسپورٹر اور اپٹما کے نمائندہ وفود سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفد میں شامل نمائندوں نے حکومت کی جانب سے ایکسپورٹ کے شعبہ میں اضافہ کیلئے دی گئی مراعات کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر بزنس کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ میں دی گئی مراعات کو انہیں مکمل استعمال میں لانا چاہئے جبکہ ویلیو ایڈیشن کی جانب توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ وفد نے برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنی تجاویز دیتے ہوئے حکومت سے معاونت کی استعداد کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کی سفارشات پر مزید بات چیت کے بعد یہ سفارشات غور کیلئے جلد وزیراعظم کو بھجوائی جائیں گی۔