
یوکوہاما ۔ 06 مئی (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے مائیکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے اور اب پائیدار اقتصادی شرح نمو پر توجہ دی جا رہی ہے, مائیکرو اکنامک استحکام کے حصول کے بعد پاکستان اب اپنی اقتصادی حکمت عملی کے تحت زیادہ شرح نمو کی حامل پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کےلئے کوشش کر رہا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے 50ویں سالانہ اور بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے موقع پر ہفتہ کو بڑھتی ہوئی عدم مساوات کے موضوع پر منعقدہ گول میز مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران غربت کی شرح میں کمی کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دنیا بھر میں ایک لاکھ پچیس ہزار افراد روزانہ غربت سے نکل رہے ہیں اور ایشیاءمیں بہترین اقتصادی ترقی کی وجہ سے غربت کے خاتمہ کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔