اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی معاونت کے ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی کی قیادت میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے مختلف منصوبوں اور پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بریس پروگرام کے تحت پاکستان کیلئے آمدہ 1.5 ارب ڈالر کے قرضہ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا کلیدی ترقیاتی شراکت دار ہے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بینک نے پاکستان کے ساتھ معاونت کی ہے۔ وزیر خزانہ نے سیلاب سے متاثرہ افراد اور بنیادی ڈھانچہ کی تعمیرنو و بحالی میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت کے عزم کو بھی سراہا۔