وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا ادارہ شماریات پاکستان اور یونائیٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب

168

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جلد از جلد چھٹی مردم شماری کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ پیر کو ادارہ برائے شماریات پاکستان اور یونائیٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس آن پاپولیشن سنسز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مردم شماری کی اہمیت سے آگاہ ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ مردم شماری کو شفاف طریقہ سے منعقد کرنا انتہائی ضروری ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مردم شماری اور اس عمل میں مصروف کارکنوں کے تحفظ کیلئے حکومت پاک فوج سے مدد طلب کرے گی اور جونہی فوج کے مطلوبہ اہلکار دستیاب ہوں گے مردم شماری شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ برائے شماریات نے اس عمل کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔