وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کی مختلف وزراء خزانہ سے اجتماعی ملاقات میں شرکت

117
Federal Finance Minister Muhammad Aurangzeb
Finance Minister Muhammad Aurangzeb

واشنگٹن۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بدھ کو واشنگٹن میں منعقدہ آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کی مختلف وزراء خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنرز اور مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ ریجن کے علاقائی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے اجتماعی ملاقات میں شرکت کی۔وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی جانب سے امداد کی فراہمی کے فریم ورک میں سماجی تحفظ کے اقدامات کی شمولیت پر زور دیا۔

وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ماحولیاتی استحکام کے لئے امداد میں اضافہ کرنے پر زور دیا تاکہ ماحولیاتی خطرات سے متاثرہ ممالک کو مزید مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے ممالک کے لئے قرضوں کی ادائیگی میں آسانی پیدا کی جائے اور رعایتی قرضہ جات کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ان ممالک کی مالی مشکلات کم ہوں اور ماحولیاتی مسائل کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کم آمدنی کے حامل ممالک کے لئے قرضوں کی پائیداری کے فریم ورک میں نئے ابھرتے ہوئے چیلنجز بشمول ماحول سے متعلقہ خطرات، داخلی ملکی قرضوں اورقرضوں کی ری سٹرکچرنگ جیسےمعاملات کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔