اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے زوم ملاقات کی،حکومت کا معاشی استحکام اور اصلاحات کے عزم کا اعادہ۔ وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ کا پائیدار ترقی پر زور، معاشی اصلاحات اور معاشی ترقی میں نجی شعبے کے رہنما کردار پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعہ کو اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI) کے عہدیداروں اور ممبران کے ساتھ زوم پر تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے اور پائیدار، مستحکم اور جامع ترقی کےلئےجاری عزم پر روشنی ڈالی۔وزیر خزانہ نے معیشت کو مؤثر، شفاف اور جوابدہ بنانے کے لئے ٹیکس، توانائی، عوامی مالیات اور سرکاری اداروں سمیت اہم شعبوں میں جاری اصلاحات کا تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مالی نظم و ضبط، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی، اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ان اقدامات کا مقصد ایسی معیشت تشکیل دینا ہے جو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔وزیر خزانہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت نہ صرف معاشی استحکام کو برقرار رکھنا چاہتی ہے بلکہ نجی شعبے کو ترقی کا اہم محرک بنانے کے لئے بھی پُرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نےاو آئی سی سی آئی کی سفارشات کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے بجٹ کی تیاری کے عمل میں ان پر غور کی یقین دہانی کرائی۔او آئی سی سی آئی نے بین الاقوامی شراکت داروں سے حکومت کی مؤثر بات چیت اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔
چیمبر نے ٹیکس بنیادوں کو وسعت دینے، ٹیکنالوجی اور بین الادارتی رابطے کے ذریعے نظام کو مؤثر بنانے، اور نجی شعبے کے ساتھ مستقل مشاورت کے فروغ کی سفارشات بھی پیش کیں۔
چیمبر کے عہدہ داران نے گزشتہ سال کے دوران بزنس کانفیڈنس سروے میں کاروباری ماحول سے متعلق مثبت رجحان سامنے آنے کا ذکر کیا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ حالیہ معاشی بہتری سے آئندہ مہینوں میں سرمایہ کاری کے مزید بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591230