وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جون کے سی لی سے ملاقات، پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور

152

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات ہانگ کانگ سپیشل ایڈمنسٹریٹو ریجن (ایس اے آر) کے چیف ایگزیکٹو جون کے سی لی سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اورچینی خطہ ہانگ کانگ کے درمیان دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔

ملاقات میں وزیر خزانہ اور چیف ایگزیکٹو لی نے اقتصادی تعاون، تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف موضوعات پر تعمیری بات چیت کی۔ گفتگو کا مقصد دونوں خطوں کے درمیان قریبی تعلقات کو مضبوط بنانا اور مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے مواقع تلاش کرنا تھا۔

وزیرخزانہ نے پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں جیسے فنانس، ٹیکنالوجی اور سیاحت میں تعاون بڑھانے کی صلاحیت کو اجاگر کیا اور دونوں خطوں کے مشترکہ مفادات اور اقدار پر روشنی ڈالی۔

جون کے سی لی نے وزیر خزانہ کی آمد کا خیر مقدم کیا اور پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم کو دہرایا۔انہوں نے اقتصادی ترقی، جدت طرازی اور ثقافتی تبادلوں کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس شراکت داریوں کی اہمیت کو تسلیم کیا اور اس تعاون کے متوقع فوائد پر زور دیا۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور چیف ایگزیکٹو جون کے سی لی کے درمیان یہ ملاقات فریقین کی دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں بامعنی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور ہانگ کانگ میں قونصل جنرل ریاض احمد شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔