اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی برادری بالخصوص امریکہ پر زور دیا ہے کہ خطے میں قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ ہیرٹیج فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ کشمیر میں قیام امن سے دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن و امان کیلئے ضروری ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری، ترقی کے امکانات اور سماجی تبدیلیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کئی دہائیوں سے حل طلب ہے اور انہوں نے گزشتہ کئی ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے جاری مظالم کے حوالے سے بھی تقریب کے شرکاءکو آگاہ کیا اور کہا کہ اس مسئلہ کے خاتمہ سے علاقائی امن و استحکام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور دفاع کے شعبہ میں خرچ کئے جانے والے بجٹ کو سماجی ترقی کیلئے استعمال کر کے خطے کی ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔