وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے امریکی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ میک ماسٹر کی ٹیلیفون پر گفتگو

102

وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے امریکی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ میک ماسٹر کی ٹیلیفون پر گفتگو ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ میک ماسٹر نے منگل کو ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور 25 اپریل 2017ءکو واشنگٹن میں اپنی ملاقات کے موقع پر باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے مزید اقدامات کی ضرورت کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل میک ماسٹر نے گزشتہ روز لاہور میں خود کش حملہ کے شہداءاور زخمیوں کے لواحقین، پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی قربانیوں کا معترف ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مسلح افواج سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سول اور ملٹری قیادت اپنے ملک کی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کیخلاف سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ اس حوالے سے وزیر خزانہ نے پیر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ افغانستان میں امریکہ کے کمانڈر جنرل جان نیکلسن کی ملاقات کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ ملاقات بڑی موثر اور بارآور رہی ہے۔