اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔وزیر خزانہ اور سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے معزز سفیر کو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے تباہی اور ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا۔ پاکستان اور جاپان کے درمیان خوشگوار تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے متعدد شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کے معاشی چیلنجز اور ترجیحات کا مختصر جائزہ لیا اور کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے پر یقین رکھتی ہے۔
جاپان کے سفیر نے وزیر خزانہ کو وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے سیلاب میں نقصان پر ہمدردی کا اظہار کیا اور اپنی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں جاپانی اداروں کے آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حمایت پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔