وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، کویت پٹرولیم کارپوریشن کے لئےتکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری

113

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کویت پٹرولیم کارپوریشن کو ڈیزل کی فراہمی کی مد میں 27 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی ۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء خرم دستگیر خان، سید مرتضیٰ محمود، وزیر مملکت مصدق مسعود ملک، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے کویت سے کریڈٹ فسلیٹی کے حوالہ سے ایک سمری پیش کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی حکومت کویت پٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے ڈیزل کی سپلائی کیلئے یہ فیسلیٹی استعمال کر رہی ہے، اس مقصد کیلئے پی ایس او اور کویت پٹرولیم کارپوریشن کے درمیان سال 2000ء سے معاہدہ ہوا ہے اور اس معاہدہ میں ہر سال توسیع کی جاتی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایس او کی جانب سے پاکستانی کرنسی میں بل آف لیڈنگ کے اجراء کے 30 دن کے اندر نیشنل بینک آف پاکستان میں رقم جمع کی جاتی ہے جو کویت پٹرولیم کارپوریشن کو کارگو کی مد میں فراہم کی جاتی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں گذشتہ ایک سال کے دوران روپے اور ڈالر کی قدر میں فرق کی وجہ سے اکائونٹ پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ زرمبادلہ کی قدر میں کمی کی وجہ سے نقصان کو پورا کرنے کیلئے حکومت پاکستان پرعزم ہے، اس صورتحال کے تناظر میں ای سی سی نے کویت پٹرولیم کارپوریشن کیلئے فوری طور پر 27 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔ اجلاس میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی جانب سے گلگت بلتستان کو مارچ اور اپریل کے مہینے کیلئے 25 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی سے متعلق سمری پیش کی گئی۔

ای سی سی نے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے 2.9 ارب روپے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے وزارت کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد قیمتوں کو معقول بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ پیش کرے۔