ڈیووس ۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے دوران غیر مستحکم دور میں قابل عمل ترقی کے عنوان سے منعقدہ عالمی اقتصادی رہنمائوں کا غیر رسمی اجتماع کے سیشن میں شرکت کی۔سیشنز عالمی اقتصادی فورم کے اعلیٰ ترین سطح کے اجلاسوں میں شمار ہوتے ہیں جہاں کلیدی پالیسی ساز، کاروباری رہنما، اور ماہرین بند دروازوں کے پیچھے غیر رسمی تبادلہ خیال کرتے ہیں۔
دیگر نمایاں شرکاء میں تیونس کے وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی سمیر عبدالہافد، سعودی عرب کے وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی فیصل الابراہیم، سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادیات عبداللہ بن طوق المری شامل تھے۔ اس سیشن میں عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال کے دوران پائیدار اور جامع ترقی کے لیے حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔