وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی کی قیادت سے ملاقات ، مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور پاکستان میں چینی کمپنیوں کے لئے تعاون میں اضافہ پر زور

188
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی کی قیادت سے ملاقات ، مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور پاکستان میں چینی کمپنیوں کے لئے تعاون میں اضافہ پر زور
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی کی قیادت سے ملاقات ، مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور پاکستان میں چینی کمپنیوں کے لئے تعاون میں اضافہ پر زور

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی سی آئی سی ایل) کی قیادت سے ملاقات کے موقع پر پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پاکستان میں قائم چینی فرموں کے مشترکہ منصوبوں اور برآمدات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے شرکاء میں پی سی آئی سی ایل کے چیئرمین سن بو، منیجنگ ڈائریکٹر حسن رضا، فنانس ڈویژن اور پی سی آئی سی ایل کے سینئر حکام شامل تھے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پی سی آئی سی ایل پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز 2 میں صنعتی ترقی، نمو اور کاروبار کی منتقلی ترجیحی شعبے ہوں گے۔ ایسے حالات میں پی سی آئی سی ایل کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ ٹارگٹ مارکیٹ کے ایک واضح نظریے کے ساتھ خود کو تبدیل کرے اور جوائنٹ وینچرز اور ایس ایم ایز کے لیے شعبوں کی نشاندہی کرنے میں رہنما کا کردار ادا کرے جبکہ سرمایہ کاری اور تجارتی بہائو کو بڑھانے کے لیے فنانسنگ میں ایڈوائزری اور مدد فراہم کرے۔

سن بو اور حسن رضا نے وفاقی وزیر کو پاکستان چین تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے لیے پی سی آئی سی ایل کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا اور تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔ پی سی آئی سی ایل کے چیئرمین سن بو نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے میں پی سی آئی سی ایل کے کردار کے بارے میں ان کے تاثرات اور خدشات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی معیشت کی خدمت کے لیے پوری کوشش کریں گے۔

ملاقات کے اختتام پر وزیر خزانہ نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ان کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔