اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 5 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی اجازت دےدی۔ ای سی سی کا اجلاس منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے اضافی گندم کی برآمد سے متعلق تجویز کا جائزہ لیا جس میں پنجاب و سندھ کی صوبائی حکومتوں اور پاسکو نے اضافی گندم/مصنوعات برآمد کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ کمیٹی نے پاسکو اور دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے 5 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی اجازت دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلہ میں فریٹ وغیرہ کیلئے کسی بھی قسم کی مالی معاونت متعلقہ صوبائی حکومتیں فراہم کریں گی۔ وفاقی حکومت صرف پاسکو کے معاملہ میں ایسی لاگت برداشت کرے گی۔ اجلاس میں کامرس، خزانہ اور فوڈ سکیورٹی کے سینئر حکام پر مشتمل تشکیل دی گئی کمیٹی دو ہفتے کی مدت میں صورتحال کا جائزہ لے گی اور اگر ضرورت ہوئی تو مزید برآمد کی سفارش کرے گی۔