وزیر خزانہ کے اقدامات پر تنقید بلا جواز اور ٹیکس چوروں و جرائم پیشہ افراد کی مدد کے مترادف ہے، پاکستان اکانومی واچ

131

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پراپرٹی مارکیٹ کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوششیں لائق تحسین ہیں ، اس اقدام سے حکومت کو اربوں روپے کی اضافی آمدنی ہو گی جبکہ زیر زمین معیشت کا حجم کم ہو جائے گا، وزیر خزانہ کے اقدامات پر تنقید بلا جواز اور ٹیکس چوروں و جرائم پیشہ افراد کی مدد کے مترادف ہے۔ اتوار کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے اقدامات سے دستاویزی معیشت کے حجم میں اضافہ ہو گا جس سے قرضوں اور امداد پر انحصار کم ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب انتہائی کم ہے جس میں اب اضافہ ہو رہا ہے اسلئے کاروباری برادری ان اقدامات کی مخالفت سے باز رہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس ایمنیسٹی سکیموں کا کلچر ختم کیا جائے کیونکہ ہر سکیم کو آخری قرار دیا جاتا ہے مگر کچھ عرصہ بعد ایک نئی سکیم متعارف کروا دی جاتی ہے جو جگ ہنسائی کا سبب بنتی ہے۔