وزیر داخلہ احسن اقبال کا انٹر پول جنرل اسمبلی کے 86 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

92

وزیر داخلہ احسن اقبال کا انٹر پول جنرل اسمبلی کے 86 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بیجنگ ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے لئے تعاون کا عزم کئے ہوئے ہے، دہشت گردی، سائبر کرائم، منشیات کی تجارت اور انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان نے گزشتہ چار سال کے دوران دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، چینی قیادت کی بصیرت نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے، امن، استحکام اور سکیورٹی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ وہ منگل کو یہاں انٹر پول جنرل اسمبلی کے 86 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے جنرل اسمبلی کا افتتاح کیا جس میں 100 سے زائد ممالک کے 40 کے قریب وزراءنے شرکت کی۔ انٹرپول جنرل اسمبلی 29 ستمبر تک جاری رہے گی اور اس میں عالمی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور منظم جرائم سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے انٹرپول جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے لئے تعاون کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے اور دہشت گردی کا نشانہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چار سالوں کے دوران دہشت گردی کے ناسور کو شکست دینے کے سلسلے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ہم بین الاقوامی برادری کو اپنے تجربات کے بارے میں آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سطحوں پر عالمگیریت ایک بڑھتا ہوا چیلنج ہے۔ دہشت گردی، سائبر کرائم، منشیات کی تجارت اور انسانی سمگلنگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے اجتماعی اپروچ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔