وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز احمد شاہ کی اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر، کونٹ آسٹبے کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت

45

اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی)وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ناانصافی کا نوٹس لینا چاہئے۔ پیر کو جاری بیاں کے مطابق انہوں نے یہ بات پاکستان کے لئے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر، کونٹ آسٹبے کی سربراہی میں اقوام متحدہ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل اور عالمی امن کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا بہت اہم ہے کہ عالمی امن کو نقصان نہ پہنچے۔ عالمی امن کو زیر بحث لاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج میں تبدیل ہوچکی ہے اور عالمی امن کو برقرار رکھنے کے لئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینا اور ملک بھر میں مکمل سیکورٹی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ اقوام متحدہ کے نمائندے کی جانب سے اٹھائے گئے پاکستان میں دور دراز علاقوں کے لئے این او سی جاری کرنے کے معاملے کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس عمل کو آسان بنانے کے لئے پالیسی تیار کی جاری ہے اور جلد ہی وزارت داخلہ اس معاملے کا ایک قابل عمل حل سامنے لے آئے گی۔ انہوں نے شہر میں امن کی بحالی میں اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو تقریبا 11 سال کے عرصہ کے بعد فیملی اسٹیشن کے طور پر اعلان کیا گیا ہے ۔