اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے وزارت داخلہ اور برطانوی ہوم آفس کے مابین روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ منگل کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں پاک۔
برطانیہ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ کا منصب سنبھالنے پر رانا ثناءاللہ کو مبارکباد دی ۔ وزیرداخلہ نے پاکستان میں صحت، تعلیم اور انسانی ترقی کے فروغ میں برطانوی حکومت کے کردار کی تعریف کی ۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ ابھرتی ہوئی جغرافیائی، سیاسی و علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں وزارت داخلہ اور برطانوی ہوم آفس کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں بہت اہم کردار ہے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سیاحت، تجارت اور کاروباری مواقع کا بہت پوٹینشل ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوئے 75 سال ہوچکے ہیں، باہمی تعلقات کی مضبوطی میں پاکستان نژاد برطانوی شہریوں کا کردار نہایت قابل رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔