اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میں حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتا ہوں اور ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔
انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حمزہ شہباز بطور وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کو انشاء اللہ ترقی کی نئی منزل کی طرف لے کر جائیں گے اور میاں شہباز شریف نے پنجاب میں ترقی کا سفر جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد آج پنجاب میں بھی ایک آئینی اور قانونی مرحلے کا اختتام ہوگیا ہے اور پاکستان الحمداللہ اب ایک آئینی، جمہوری اور فلاحی ریاست کے طرف بڑھ چکا ہے۔