فیصل آباد۔15جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان اتوار کورئیس جامعہ امینیہ رضویہ فیصل آباد ممتاز عالم دین پروفیسرعلامہ سعید احمد اسعد مرحوم کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے مرحوم کے برادر اصغر علامہ محمد کریم سلطانی، مولانا محمد مسعود احمد حسان،ان کے صاحبزادگان علامہ محمد ذیشان سعید، مولانا محمد اشرف سعید اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔
انہوں نے علامہ سعید احمد اسعد مرحوم کی طویل مذہبی، دینی، سماجی و فلاحی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم و مغفور کی ناگہانی وفات حسرت آیات پر گہرے دکھ، دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔
رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ ان کے والد محترم فقیہہ العصر سیدی قبلہ مفتی محمد امین مرحوم نے بھی دین کی جس عظیم خدمت کا آغاز کیا تھا اسے مولانا محمد سعید احمد اسعد نے نہ صرف بھرپور طریقے سے جاری رکھا بلکہ ان کے خاندان کے چشم و چراغ آئندہ بھی ان کا تسلسل جاری و ساری رکھیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ رب کائنات مرحو م و مغفور کو جنت الفردوس کے حسین گوشوں میں جگہ، ان کی مغفرت اور آئندہ کی منازل آسان بنانے سمیت پسماندگان کو یہ صدمہ جانکاہ ہمت و استقامت سے برداشت کرنے کے علاوہ صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔