وزیر داخلہ سے برطانیہ کی ہوم سیکرٹری ایمبر رڈ کا ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانیہ کی ہوم سیکرٹری ایمبر رڈ نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے اپنی برطانوی ہم منصب کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ہوم سیکرٹری اور موجودہ برطانوی وزیرِاعظم تھریسامے اور آپ کی مثالی شراکت داری نے پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کی فضاءکو مزید مستحکم کر نے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ برطانوی ہوم سیکرٹری نے کہا کہ میں اسی فضاءکو آگے لے جانا چاہتی ہوں۔ اس موقع پر برطانوی ہوم سیکرٹری اور وزیر داخلہ کا سیکورٹی، کاﺅنٹر ٹیررازم، امیگریشن ، نارکوٹکس سمیت مختلف شعبہ جات میں پاک برطانیہ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات اور برطانوی حکومت کی طرف سے پاکستان کے تحفظات کا ادراک دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا باعث ثابت ہو گا۔ انہوں نے اپنی برطانوی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔