اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشیداحمدسے اسلام آباد پولیس کےنئے آئی جی قاضی جمیل الرحمن نے اتوار کو یہاں ملاقات کی، وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد پولیس کا چارج سنبھالنے کے بعد آئی جی اسلام آباد پولیس کی وزیر داخلہ سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ ملاقات میں وفاقی دارالحکومت میں امن او امان کی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی گئی۔وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوان اسامہ ستّی کا اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں قتل ایک اندوہناک واقعہ ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ مزید ایسے کسی بھی حادثے کی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام آباد پولیس فورس کو پیشہ ورانہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے لئے نئی گاڑیاں اور موٹر سائیکل لے رہے ہیں ، ان سے اسلام آباد کی سکیورٹی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اسلام آباد پولیس کو رہائیشی سہولیات دینگے۔ ان کی مراعات میں اضافہ کرینگے۔ وزیر داخلہ نے نئے آئی جی کو عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ نئے آئی جی نے وزیر داخلہ کو پولیس اصلاحات کے حوالے سے بریف کیا۔