وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے رومانیہ اور مصر کے سفیروں کی الگ الگ ملاقاتیں

125
عمانی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان کی آزاد اور سرمایہ کاری دوست پالیسی سے استفادہ کریں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی عمان چیمبر کے چیئرمین کی قیادت میں تجارتی وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے رومانیہ اور مصر کے سفیروں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور افغانستان سمیت دیگر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رومانیہ اورمصر سے دوطرفہ سیاحت اور تجارت بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سفرا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افغانستان میں پائیدار امن کے لئے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان کی افغان شہر یوں کی انسانی بنیادوں پر مدد قابل ستائش ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اقوام عالم کے مفاد میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان پر پاکستان میں حالیہ او آئی سی وزراء خارجہ غیر معمولی کانفرنس کے بہترین نتائج آئیں گے، افغان حکومت کو شہریوں کی دیکھ بھال کے لئے وسائل کی شدید کمی کا سامناہے، انسانی قحط سے بچانے کے لئے دنیا کو افغان شہریوں کی فوری امداد کرنی چاہئے۔

رومانیہ سفیر کے نکولائے گوئیہ نے کہا کہ پاکستان نے قیام امن کے لئے لازوال جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں معاشی اور انسانی ترقی سے بہت متاثر ہوں۔ مصری سفیر ڈاکٹر طارق داہروگ نے کہا کہ اسلامی بھائی چارے پر قائم پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، پاکستان اور مصر کے درمیان سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔