اسلام آباد/کوئٹہ۔6مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی و بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی اور بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال ، پاسپورٹ اور نادرا سروسز سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سردار یار محمد رند کی جانب سے دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سے متعلق مشکلات کے ازالے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ قومی دستاویزات کے حصول میں مقامی افراد کو کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ بات حقیت ہے کہ بلوچستان سے ہی پاکستان کی ترقی ممکن ہے وفاقی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ بلوچستان کو ترقی کے زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کرکے ماضی کی احساس محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے وفاقی وزیر داخلہ نے بلوچستان کے اجتماعی مسائل کو وفاق میں بہتر طور پر اجاگر کرنے پر سردار یار محمد رند کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ محکمہ داخلہ سے متعلق بلوچستان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔