اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):پاکستان اور قزاخستان نے ویزاسہولیات اورسکیورٹی تعاون بڑھانےکے لئے دونوں ملکوں کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط بڑھانے پراتفاق کیا ہے۔ بدھ کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے سے قزاخستان کے سفیر یرظان قستافین نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور قزاخستان کے درمیان سیاحت اور تجارت کے فروغ کیلئے سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی سمیت دیگر معاملات پر تعاون بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان عظیم ثفافتی تعلقات ہیں، باہمی تعلقات کے فروغ کےلئے عوام کے درمیان روابط مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان سیاحت کے فروغ کیلئے ویزا سہولیات دیں گے۔
قزاخستان کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان تعلقات دیرینہ اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ ، پاکستان اورقزاخستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا سکوپ بہت وسیع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں ون کنٹری ٹریڈ ایگیزیشن کر رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت بڑھے گی۔