اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پارک روڈ پر واقع سی ڈی اے ماڈل نرسری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف سیکشنز پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ اور ماسٹر پلان کا جائزہ لیا،انہوں نے نرسری میں بنائے گئے رین واٹر ہار وسٹنگ تالاب کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو نرسری میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ممبران سی ڈی اے، اے ڈی سی جی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نرسری میں جدید اور منفرد طرز کے کنٹرولڈ وینٹی لیٹڈ گرین ہاؤسز تعمیر کئے گئے ہیں جو پودوں کی نشوونما کے لئے مثالی ماحول فراہم کریں گے، رواں سال اب تک مون سون سیزن میں 25 ہزار مفت پودے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین منصوبے میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد کے شہریوں کی ہارٹیکلچر ضروریات کو پورا کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا، نرسری میں فلاور شاپ اور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ بھی قائم کیا جائے گا جبکہ سی ڈی اے ملازمین کو پودوں کی دیکھ بھال کے لئے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے آذربائیجان کی ٹیم کو بہترین کام کرنے پر شاباش دی۔واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ماحولیاتی تحفظ اور سموگ سے نمٹنے کے لئے 50 ایکڑ پر محیط پاکستان کی سب سے بڑی ماڈل نرسری بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو تکمیل کے قریب ہے۔ نرسری میں 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ اسے جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے۔