وزیر داخلہ محسن نقوی کا شمالی وزیرستان میں خارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

122
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کے روز شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی باریک بینی سے منصوبہ بندی اور عمل میں لائی گئی کارروائی کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جو متعدد حملوں میں ملوث تھے اور قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ تھے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کے تیز اور تزویراتی ردعمل کو اراہا اور کہا کہ اس کارروائی نے نہ صرف دہشت گردوں کو بے اثر کیا بلکہ خطے کو غیر مستحکم کرنے کے ان کے ارادوں کو بھی ناکام بنا دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہمت اور جذبہ کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی بروقت اور فیصلہ کن مداخلت کے ساتھ خارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کچل دیا ہے۔وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائی کو کو پاکستان کے لیے باعث فخر قرار دیا اور سکیورٹی فورسز پر قوم کے غیر متزلزل اعتماد کو اجاگر کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سکیورٹی اہلکاروں پر فخر ہے جنہوں نے بار بار خطرات کا سامنا کرتے ہوئے بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔

آپریشن کی کامیاب حکمت عملی کو سراہتے ہوئے محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ آپریشن ملک کے کونے کونے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے حکومت کے زیرو ٹالرنس نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے کا موقع نہیں دیں گے، ان کا مسلسل تعاقب کیا جائے گا جب تک ہر شہری کے لیے امن اور استحکام کا یقین نہ ہو جائے ۔

محسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوامی حمایت کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے شہریوں سے چوکنا رہنے اور مسلح افواج کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے ہم دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان کے پرامن مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن دہشت گرد دھڑوں کو ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ پاکستان انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آخری خطرے کے خاتمے تک ایسی کوششیں جاری رکھیں گے۔