وزیر داخلہ محسن نقوی کی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات ،امن و امان کی صورتحال ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا خصوصاً قبائلی ضلع کرم کے حالات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

131

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزیر داخلہ محسن نقوی نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا خصوصا ًقبائلی ضلع کرم کے حالات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ پورے ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی اولیں ترجیح ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی پی پیز سے معاہدوں کے حوالے سے بھی امیر جماعت اسلامی کو آگاہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے بارے میں بھی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو فلسطین کے معاملے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہر فورم پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر اسامہ رضی بھی موجود تھے۔