وزیر داخلہ محسن نقوی کی میانوالی میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش

97
Mohsin Naqvi
Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میانوالی میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔پیر کو اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ تھانہ عیسیٰ خیل کی چیک پوسٹ پر تعینات پولیس کے جوانوں نے جرات کے ساتھ 14 خارجی دہشتگردوں کو مار بھگایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کرنے والے خارجی دہشتگردوں کو پولیس نے دندان شکن جواب دیا، خارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دلیری کو سراہتا ہوں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پنجاب پولیس نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ہے جو لائق تحسین ہے۔